ایل او سی کا رہنے والا ہوں،کشمیر کی آزادی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد: (کوہ نور نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) کا رہنے والا ہوں، اولین ترجیح کشمیر کی آزادی ہے. مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم وستم کی نئی داستانیں رقم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پوری امت مسلمہ کی نمائندگی کررہا ہے۔ کشمیری اس وقت پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور مقبوضہ وادی چنار کے فوجی محاصرے کو دو سال مکمل ہونے پر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پوری قوم آج یوم استحصال منا رہی ہے۔ یوم استحصال کشمیر پر ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور سڑکوں پر ٹریفک رک گئی۔ ریڈیو پاکستان اور ٹیلی وژن چینلز پر ایک منٹ کی خاموشی کے فوراً بعد پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔