’شوہر سے تحفظ فراہم کیا جائے‘ مبینہ تشدد کا شکار خاتون کی ویڈیو وائرل

لاہور: (کوہ نور نیوز) سوشل میڈیا پر ویشا نامی خاتون کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے شوہر پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ انسٹاگرام پر ویشا ابوبکر کا ایک ویڈیو بیان شیئر کیا جارہا ہے جس میں وہ اپنی پریشان کن ازدواجی زندگی سے متعلق گفتگو کررہی ہیں۔ ویشا ابوبکر نے اپنے بیان میں 7 سالہ ازدواجی زندگی کو بدترین قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے مجبور ہوکر شوہر کو چھوڑا اور بیٹی کو ساتھ لے گئیں۔ ویشا نے دعویٰ کیا کہ دو دن بعد شوہر کو اس بات کا علم ہوا جس پر شوہر نے ٹارگٹ کلر کو پیچھے لگوایا لیکن ناکامی پر شوہر نے ان کی تصاویر اور ویڈیوز کو وائرل کردیا۔ خاتون نے الزام عائد کیا کہ شوہر کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی ہیں اور وہ انہیں قتل کرانا چاہتا ہے۔ خاتون نے اپنے ویڈیو بیان کے ذریعے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی۔