ممبئی میں بارشوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، ہلاکتیں 42 ہوگئیں

ممبئی: (کوہ نور نیوز،ویب ڈیسک) بھارتی شہر ممبئی میں گزشتہ دو روز میں 250 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس میں مزید 11 ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 42 ہوگئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں گزشتہ دو روز میں 250 ملی میٹر بارش سے نیا ریکارڈ قائم ہوگیا جب کہ بارشوں کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 42 ہوگئی جب کہ زخمیوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ہے۔ ریکارڈ بارشوں کے بعد شہر بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ کئی کلومیٹر تک پٹڑیاں زیر آب آنے کے باعث ٹرین سروس معطل ہوگئی ہیں جب کی دیگر ذرائع آمد و رفت بھی دستیاب نہیں۔ شہریوں کو کافی پریشانی کا سامنا ہے۔ کسی ممکنہ حادثے کے پیش نظر میونسپل اداروں اور فائر بریگیڈ کو الرٹ کردیا گیا ہے جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ سڑکوں پر جگہ جگہ درخت اور بل بورڈز گرے ہوئے ہیں اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشن گوئی کے بعد مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے۔ زیادہ تر ہلاکتیں کرنٹ لگنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہوئیں۔ بھارت کے دیگر علاقوں میں بھی بارشوں نے تباہی مچائی ہے تاہم سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ممبئی میں ہوا ہے۔