'تاریخ میں پہلی بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو ملا'

لاہور: (کوہ نور نیوز) قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شہباز شریف نے ٹویٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ایک اور ریکارڈ قائم کر دیا، بجٹ تقریر میں کہا تھا کہ قیمتوں میں اضافے کے ذریعے لوگوں کی زندگیاں مشکل بنا دی جائیں گی۔ دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔ قرارداد رکن پنجاب اسمبلی رابعہ فاروقی نے جمع کروائی، جس می کہا گیا کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان پٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کرتا ہے۔ قراداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ حکومت پچھلے ایک ماہ کے دوران 9.53 روپے فی لٹر اضافہ کر چکی ہے، عید سے پہلے عوام پر پٹرول بم گرانا ظالمانہ اقدام ہے۔