وزیراعظم کے زیادتی سے متعلق بیان پر جمائما کا رد عمل

لاہور: (کوہ نور نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیادتی سے متعلق بیان پر ان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے رواں سال 8 اپریل کی اپنی ٹوئٹ ری ٹوئٹ کردی ۔ ری ٹوئٹ کی گئی ٹوئٹ میں جمائما کا کہنا تھا کہ انہیں یاد ہےکہ برسوں پہلے سعودی عرب میں تھی تو عبایا اور نقاب پہنی بزرگ خاتون نے افسوس کا اظہارکیا کہ جب وہ باہر گئیں تو نوجوانوں نے ان کا پیچھا کیا اور ہراساں کیا، نوجوانوں سے چھٹکارا پانے کا واحد راستہ یہ تھا کہ نقاب ہٹا دوں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ نہیں کہ خواتین کس طرح کےکپڑے پہنتی ہیں۔ خیال رہے کہ امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں، عورت کپڑےکم پہنےگی تواس کا اثر توہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس یہاں ڈسکو یا نائٹ کلب نہیں ہیں، یہ ایک مکمل طور پر مختلف معاشرہ ہے، جب آپ لوگوں کو اکسائیں گے تو ان نوجوانوں کے پاس جانے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہو گی تو پھر اس کے نتائج ہوں گے۔