شان نے ہنی سنگھ کی گائیگی اور میوزک کو غیر متاثر کن قرار دیدیا

ممبئی: (کوہ نور نیوز،ویب ڈیسک) بھارتی گلوکار شان نے معروف ریپر یو یو ہنی سنگھ کی گائیگی اور میوزک کو غیر متاثر کن قرار دے دیا۔ ’چاند سفارش جو کرتا ہماری‘ کے گلوکار شان نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ یو یو ہنی سنگھ کی موسیقی میں کوئی اثر نہیں، ہنی سنگھ کسی کو متاثر نہیں کرسکتے، بہت کم لوگ ہیں جو ہنی سنگھ کو سمجھتے ہیں، ان کے گانوں میں موسیقی کا نام و نشان تک نہیں، ہر کوئی ریپر بن سکتا ہے۔ حال ہی میں ایک اور انٹرویو میں گلوکار شان نے کہا کہ مجھے بھولنے کی بری عادت ہے، جب میری ملاقات یو یو ہنی سنگھ سے ہوئی تو میں انہیں پہچان نہیں سکا۔ گلوکار شان نے کہا کہ میں نے یو یو ہنی سنگھ کو صرف ٹیلی ویژن پر دیکھا تھا، ان سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی تھی، ٹی وی پر ہنی سنگھ دبلے پتلے دکھائی دیتے تھے، میں تصور بھی نہیں کرسکتا تھا کہ وہ بعد میں بالکل بدل جائیں گے۔ گلوکار شاہ نے کہا کہ ایک مرتبہ پارٹی میں جانے کا اتفاق ہوا جہاں ہنی سنگھ بھی موجود تھے، وہ مجھے دیکھتے ہی میرے پاس آئے اور بہت محبت سے ملے، یو یو ہنی سنگھ نے کہا کہ ’سر میں گلوکاری میں آپ کو فالو کر رہا ہوں‘، اس پر میں نے ان کا شکریہ ادا کیا اور وہاں سے چل پڑا۔ شان نے کہا کہ تھوڑی ہی دیر بعد ایک بیوقوف کی طرح میں نے خود سے سوال کیا کہ یہ شخص کون تھا؟ میں دوبارہ ہنی سنگھ کے پاس گیا اور کہا ’معذرت، میں نے آپ کو پہچانا نہیں‘، یہ سنتے ہی وہ ناراض ہوگئے، اس پر میں نے خود کو بہت کوسا کہ میں نے ایسا کیوں کیا۔