کراچی: پولیس نے ایک ماہ قبل کھوکھرا پار سے لاپتا خاتون کا سراغ لگالیا

کراچی: (کوہ نور نیوز) کھوکھراپار سے ایک مہینے قبل لاپتا ہونے والی عمر رسیدہ خاتون کو مزار کے مجاور کی جانب سے دفنائے جانے کا انکشاف ہواہے۔ پولیس کے مطابق ملیر کے علاقے کھوکھراپار سے لاپتا ہونے والی عمر رسیدہ ریحانہ خاتون کاسراغ مل گیا، پولیس نے خاتون کے مبینہ قتل کے شبے میں درگاہ کے مجاور کو گرفتار کرلیا۔ خاتون کے شوہر نے اہلیہ کی گمشدگی پر کھوکھرا پار پولیس اسٹیشن میں ایک ماہ قبل مقدمہ درج کرایا تھا، خاتون کے موبائل فون کے ریکارڈ کی مدد سے تفتیش کار درگاہ کے مجاور تک پہنچے جب کہ دوران تفتیش گرفتار مجاور رضوان نےخاتون کو سعود آباد قبرستان میں خاموشی سے دفن کرنے کا اعتراف کرلیا۔ ملزم رضوان نے پولیس کو بیان دیا کہ خاتون 2 سال سے درگاہ پر آتی تھی، یکم مئی کو خاتون درگاہ آئی تو شدید بیمار تھی اور اس دوران اس کی موت واقع ہوجانے پر قریب ہی سعود آباد قبرستان میں تدفین کردی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی نشاندہی پر خاتون کی قبر مل گئی، جلد قبر کشائی کی جائے گی۔