کورونا کے باعث پنجاب میں لاک ڈاؤن 16 مئی تک جاری رہے گا، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: (کوہ نور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانا پہلی ترجیح ہے۔ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر پنجاب میں لاک ڈاؤن 16 مئی تک جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی صورتحال کا روزانہ جائزہ لے رہے ہیں۔ عید تعطیلات کے دوران شہریوں کو مزید احتیاط کرنا ہوگی۔ باہر نکلتے وقت ماسک کی پابندی ہر شہری کے لئے لازم ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل کرنے سے وبا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملے گی۔ ایس او پیز پر عمل میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ وبا کے پھیلاؤ کا باعث بنے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عید کی تعطیلات کے دوران گھروں میں رہیں۔ گھر میں رہنے ہی میں آپ کی حفاظت ہے۔ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے حکومت نے موثر اقدامات کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اورآکسیجن بیڈز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ مریضوں کے علاج معالجے کے لئے ہیلتھ ورکرز کی خدمات قابل ستائش ہیں۔