مسجد اقصی میں دوران نماز اسرائیلی فوج کی بربریت ، بلاول بھٹو زرداری بھی پھٹ پڑے ، اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں قبلہ اول مسجد اقصی میں دوران نماز اسرائیلی سیکیورٹی فوج کی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعۃ الوداع اور لیلۃ القدر کے موقع پر مسجد اقصی کے دروازے بند کرکے تشدد سے اسرائیل نے سفاکیت کی تمام حدیں توڑ دیں۔ تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اسرائیلی سیکیورٹی اہل کاروں کے جبر کا مقابلہ کرنے والے اور تشدد سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہاکہ مشرقی یروشلم پر اسرائیل اپنے غیر قانونی قبضے کو جواز دینے کیلئے شیخ جرح سے مقامی آبادیوں کو بے دخل کررہا ہے،اقوام متحدہ مشرق وسطیٰ کے امن کو سبوتاژ کرنے کے اسرائیل کے ناقابل قبول حربوں کا نوٹس لے۔