وفاقی کابینہ نے عید کے موقع پر قیدیوں کی سزا میں 90 دن کی معافی کی منظوری دے دی

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) وفاقی کابینہ نے معمولی جرائم میں قید افراد کی سزا میں 90 دن کمی کی منظوری دے دی، وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا معافی کا اطلاق سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پرنہیں ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت کورونا صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال اور ویکسی نیشن سے متعلق پر بریفنگ دی گئی ، جس پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عیدالفطر پر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ ، کابینہ نے معمولی جرائم میں قیدافرادکی سزا میں 90 دن کمی کی منظوری دےدی، وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا معافی کا اطلاق سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پرنہیں ہو گا، آئندہ بجٹ میں عوام کو خوشخبریاں ملیں گی، عوام کوبجٹ میں ریلیف دیاجائے گا۔ اجلاس میں ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا میں پروڈکشن کنٹرول ممبر کی تعیناتی ، این ای ڈی یونیورسٹی کے 100 سال ہونےپراعزازی سکہ جاری کرنے اور سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے ریلوے کنسٹرکشن پاکستان لمیٹڈکے سی ای او کی تعیناتی سمیت ریلوے اور ٹیکس بیریر میں نجی شعبہ کی شمولیت کی منظوری بھی دی۔