پی ڈی ایم کو ذاتی ایجنڈے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے: فردوس عاشق اعوان

لاہور: (کوہ نور نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو ذاتی ایجنڈے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، منجدھار میں پھنسی اس کشتی کے ملاحوں نے چھلانگیں لگانا شروع کر دیں۔ معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پی ڈی ایم کی صورتحال پر اپنے ٹویٹ میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ منجدھار میں پھنسی لڑکھڑاتی، ہچکولے لیتی پی ڈی ایم کی کشتی سے مانگے تانگے کے ملاحوں نے چھلانگیں لگانا شروع کر دیں، اے این پی نے واضح کہا کہ پی ڈی ایم مخصوص جماعت کے ہاتھوں ہائی جیک ہوچکی ہے، پی ڈی ایم کو ذاتی ایجنڈے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے پے درپے دئیے گئے گہرے زخموں کے بعد اے این پی کی جدائی نے ریٹائرڈ ہرٹ جعلی راجکماری، کنیزوں اور فسادی مولانا کا سوگ طویل کر دیا ہے، عوام کے نام پر چند افراد کی کرپشن کے تحفظ کیلئے بنائے گئے ملاوٹ شدہ پی ڈی ایم اتحاد میں شامل دیگر جماعتیں بھی جلد اپنی اپنی راہ لیتی نظر آئیں گی۔