ڈسکہ الیکشن: عوام شریف برادران کی عوامی ترقی، خدمت پر مہر لگائے گی: حمزہ

لاہور: (کوہ نور نیوز) مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ۔10 اپریل کو عوام کا ووٹ نواز شریف اور شہباز شریف کی عوامی ترقی، خدمت اور دیانت پر مہر لگائے گا۔ ڈسکہ کے عوام پورے پاکستان کو پیغام دیں گے کہ شریف برادران ہی ملک کو معاشی تباہی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلا سکتے ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے ڈسکہ ضنی الیکشن کے حوالے سے کہا کہ 10 اپریل ووٹ چور، کرپٹ اور عوام پر مہنگائی کا عذاب مسلط کرنے والے ٹولے کے لئے یوم حساب ثابت ہو گا۔ عوام ووٹ کو عزت دیں گے، ووٹ چور پھر رسوا ہوں گے۔ عوام 10 اپریل کو فیصلہ سنائیں گے کہ وہ ملک پر مسلط اے ٹی ایمز، مافیاز اور آٹا چینی دوائی چور، کمشن خوروں کی حکومت مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 اپریل کو ڈسکہ کے عوام فیصلہ سنائیں گے کہ پاکستان کے عوام مہنگائی، بے روزگاری اور معیشت کی تباہی سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔ الیکشن والے دن سورج ایک بار پھر شیر کی فتح اور کرپٹ، نالائق اور نااہل عمران مافیا کی شکست لے کر طلوع ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈسکہ کے عوام پہلے کی طرح ایک بار پھر 10 اپریل کو اپنے ووٹ کی عزت کا پہرہ دیں گے۔ عوام ووٹ کی طاقت سے الیکشن کمیشن کے عملے کو اغواء کرنے والوں کو سزا دیں گے۔ عوام کا ووٹ شریف برادران کی عوامی ترقی، خدمت اور دیانت پر مہر لگائے گا۔ عوام پاکستان کو پیغام دیں گے کہ نواز شریف اور شہباز شریف ہی ملک کو معاشی تباہی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلا سکتے ہیں۔ عوام کشمیر کا سودا کرنے والوں سےبدلہ لیں گے۔