پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس؛ لانگ مارچ کے لئے سفارشات پیش

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں جاری ہے، جس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کے علاوہ محمود خان اچکزئی، آفتاب شیر پاؤ، عثمان کاکڑ، ساجد میر، میاں افتخارحسین، یوسف رضاگیلانی، شاہد خاقان عباسی، راجہ پرویز اشرف بھی شریک ہیں، جب کہ سابق وزیراعظم نواز شریف لندن سے ورچوئلی شریک ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں چیرمین اور ڈپٹی چیرمین سینٹ کے لئے مشترکہ امیدواروں کے ناموں کی منظوری متوقع ہے، جب کہ لانگ مارچ کی تیاریوں و حکمت عملی، وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کے بعد کی صورتحال اور مجموعی ملکی سیاسی صورتحال پر پر بھی غور ہے۔ اجلاس کے دوران لانگ مارچ کے لئے قائم خصوصی کمیٹی نے سفارشات پیش کیں، سفارشات میں کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ 26 مارچ کو کراچی سے ایک عوامی اجتماع کے ساتھ شروع کیا جائے، تمام جلوس 30 مارچ کی سہ پہر 3 بجے تک اسلام آباد پہنچیں گے، تمام جماعتیں زیادہ سے زیادہ افراد کو لانے کے لئے پوری طرح متحرک ہوں، تمام جماعتیں اپنے اخراجات خود برداشت کریں گی۔ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ لانگ مارچ کے لئے لوگوں کو متحرک کرنے کے لئے ایک مشترکہ نظم تیار کیا جائے، تاجروں ، کسانوں اور مزدور یونینوں سے رابطہ کیا جائے اور انہیں مکمل طور پر متحرک کیا جائے، دھرنے کے مقام پر شرکاء کے پہنچنے سے قبل انتظامات کئے جائے۔