پی ڈی ایم کاسربراہی اجلاس دوپہر 2 بجے اسلام آبادمیں ہوگا

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کاسربراہی اجلاس دوپہر 2 بجے اسلام آبادمیں ہوگا ،پی ڈی ایم کے اجلاس کی صدارت مولانافضل الرحمان کریں گے ۔ مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت پی ڈی ایم اجلاس مقامی ہوٹل میں ہو گا، پی ڈی ایم کی قیادت مجموعی ملکی سیاسی صورتحال پر غور کرے گی،ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے اعتماد کے ووٹ کے بعد کی صورتحال پر غور ہوگا، پی ڈی ایم اجلاس میں لانگ مارچ کی تیاریوں و حکمت عملی پربھی غور کیا جائے گا۔ ذرائع کاکہناہے کہ اجلاس میں نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول شریک ہوں گے،نواز شریف ورچوئل شرکت کریں گے جبکہ آصف زرداری کی شرکت بھی متوقع ہے،اجلاس میں چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا،اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے سے متعلق امور کاجائزہ لیاجائے گا،اجلاس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن عدم اعتماد کی تحریک سے متعلق تجاویز پیش کریں گی۔