’ 2 تھپڑوں کا جواب 10 تھپڑوں سے دیں گے‘ مریم نواز کی دھمکی

اسلام آباد (کوہ نور نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں مفتاح اسماعیل کوپارٹی کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے، کل جس طرح ن لیگ کی سینئر قیادت کے ساتھ رویہ اپنایا گیا اس پر پارٹی میں سخت غصہ ہے، اگر آپ دو تھپڑ ماریں گے تو ہم آپ کو 10 تھپڑ ماریں گے۔ مسلم لیگ ن کے چھ گھنٹے تک جاری رہنے والے مشاورتی اجلاس کے بعد مریم نواز نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں لانگ مارچ، ڈسکہ کے ضمنی الیکشن، کراچی میں خالی ہونے والی این اے 249 کی نشست کے امیدوار پر بات ہوئی۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سمیت پوری پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ این اے 249 کراچی سے مفتاح اسماعیل ن لیگ کے امیدوار ہوں گے، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بہت جلد انہیں ٹکٹ جاری کردیں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ کل شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، احسن اقبال ، مرتضیٰ جاوید عباسی، خرم دستگیر اور مصدق ملک کے ساتھ جو طوفانِ بدتمیزی اٹھایا گیا اس پر اجلاس میں بہت غصے کا اظہار کیا گیا۔مسلم لیگ ن کو اخلاق اور تہذیب کا بھاشن دینے والے اپنا سبق اپنے پاس رکھیں، سینئر لیڈرشپ کی اس طرح تذلیل برداشت نہیں کی جائے گی، آپ دو تھپڑ ماریں گے تو ہم آپ کو 10 تھپڑ ماریں گے، ن لیگ کے ساتھ جو بدمعاشی کی گئی اس کا جواب ہر ن لیگی کارکن پر قرض ہے جس کو ہر شیر ادا کرنا اچھے سے جانتا ہے۔