افغانستان میں سیکیورٹی فورسز پر ایک اور حملہ ، 7 اہلکار ہلاک

کابل(کوہ نور نیوز )افغانستان کے صوبے بلخ میں فوجی پوسٹ پر مسلح افراد کے حملے میں سات اہلکار ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق بلخ کے ضلع چمتل میں فوجی چیک پوسٹ پر طالبان جنگجوؤں نے حملہ کردیا، حملہ اتنا اچانک تھا کہ فوجی اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا تاہم فوجی اہلکاروں کی جانب سے بھی مزاحمت دکھائی گئی۔دو طرفہ جھڑپ ایک گھنٹے تک جاری رہی جس کے دوران 7 افغان فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ 10 سے زائد زخمی ہیں۔ حملہ آور کارروائی کے بعد سرکاری اسلحہ اور افغان فوج کی گاڑی بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔ دوسری جانب طالبان کی جانب سے حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔