وزیراعظم کی سری لنکن ہم منصب سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

کولمبو: (کوہ نور نیوز) وزیراعظم عمران خان کی سری لنکن ہم منصب مہندا راجا پاکسا سے ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان خصوصی طیارے میں کولمبو پہنچے تو بچوں نے انہیں پھول پیش کئے۔ سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکسا نے ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا۔ وزیراعظم کو سلامی کے چبوترے پر لے جایا گیا جہاں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ مختصر تقریب کے بعد سری لنکن وزیراعظم نے عمران خان سے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے سری لنکن ہم منصب کی دعوت پر سری لنکا پہنچے ہیں جہاں وہ سری لنکن صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صحت اور تعلیم سمیت دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت ہو گی۔ وزیراعظم جوائنٹ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیرِاعظم کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور تعاون کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔