سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 161.29 پوائنٹس کی مندی

کراچی: (کوہ نور نیوز) تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر مندی نے ڈیرے ڈال لیے، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق فرانس کے شہر پیرس میں ہونے والے اجلاس کے باعث انویسٹرز نے ٹریڈنگ سے ہاتھ روک لیا ، دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہو گئے۔ رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، صبح دس بجے تک انڈیکس میں 131.41 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی جس کے باعث 46 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔ تاہم یہ تیزی کاروبار کے اختتام تک برقرار نہ رہ سکی۔ رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 161.29 پوائنٹس کی مندی کے بعد 45728.75 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.35 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 25 کروڑ 63 لاکھ 27 ہزار 171 شیئرز کا لین دین ہوا اور سرمایہ کاروں کو 25ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔