حکومت خود الیکشن چوری کرنے میں ملوث ہے: شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز ) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت خود الیکشن چوری کرنے میں ملوث ہے، ڈسکہ میں ری پولنگ کی بات نہیں، حکومت دھونس جما رہی ہے، حکمرانوں سے پارلیمان ممبران سمیت ہر کوئی تنگ ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این اے 75 ڈسکہ ضمنی الیکشن میں ڈاکا ڈالا گیا، الیکشن کمیشن خود کہہ رہا ہے حلقے میں دھاندلی ہوئی، حکومتی سازش بے نقاب ہوئی، اب یہ لوگ منہ چھپاتے پھر رہے ہیں، الیکشن کمیشن میں سماعت کیمروں کے سامنے ہونی چاہیے، جو ڈسکہ ہوا اس کے بعد ابھی تک نہ چیف سیکرٹری مل رہے ہیں نہ آئی جی اور ڈی آئی مل رہا ہے، الیکشن کمیشن کے پریذائیڈنگ آفیسر غائب ہو رہے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج پارلیمان مفلوج ہوچکی ہے، اسلام آباد میں ایک ماہ سے زائد سے وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا ہے، آج سابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کٹہرے میں کھڑے ہیں، عدالتوں میں 10 وفاقی وزرا اور 3 سابق وزرائے اعظم کے کیس ہیں، یہاں عدل کا نظام بھی مذاق بن چکا ہے، احتساب کا ادارہ کرپشن میں ملوث ہے، لوگ کرپٹ حکومت کیساتھ نہیں چلنا چاہتے۔