وزیر ریلوے اعظم سواتی نے نیب کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے بڑا دعوی کر دیا

اسلام آباد(کوہ نور نیوز) وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ نیب ایک خود مختار ادارہ ہے،جس کے پیچھے حکومت کھڑی ہے لیکن میں خود حیران ہوں کہ اتنے بڑے بڑے گھپلے کیے گئے مگر کوئی مقدمہ منطقی انجام تک نہیں پہنچتا، لوگ وہاں جا کر اپنی ضمانتیں کرالیتے ہیں۔ نجی چینل کے صحافی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ خدارا کسی تکنیکی نقطے پر انہیں نہ چھوڑیں،اِنہوں نے ملک کو لوٹا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ساری ایجنسیز کو دھوکا دے کر لندن روانہ ہوگئے، ہم نے اس لیے جانے دیا کہ کہیں نواز شریف کی موت ہمارے گلے میں نہ پڑ جائے لیکن انسانی ہمدردی کی بنیاد پر علاج کے لیے لندن جانے کی اجازت دے کر بہت بڑی غلطی کی۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ مریم نواز کی ملک کے لیے کیا خدمات ہیں؟ جس طرح دفاعی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے وہ محب وطن پاکستانی کا بیانیہ نہیں ہے وہ یقیناً دشمن ملک کا بیانیہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’مریم نواز اپنے ساتھ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر نو سر بازوں کو لے کر ڈوبیں گی۔ بلاول بھٹو سے متعلق سوال کے جواب میں اُنہوں نے کہا کہ مجھے دکھ ہوتا ہے کہ جس کے والد کے ہاتھ کرپشن سے رنگے ہوں وہ کیا اس ملک کی عزت کو بحال کرنے میں کردار ادا کرسکتا ہے؟۔