جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز، شان مسعود اور حارث سہیل خطرے میں

لاہور (کوہ نور نیوز) جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز کیلئے شان مسعود اور حارث سہیل کی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ خطرے میں پڑ گئی ہے کیونکہ دونوں بلے باز دورہ نیوزی لینڈ میں یکسر ناکامی سے دوچار ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے صحت یابی کے بعد نیٹ پریکٹس بھی شروع کر دی ہے اور فاسٹ باﺅلرز کا سامنا کر رہے ہیں جس کے باعث جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلئے قومی سکواڈ میں ان کی واپسی یقینی ہے البتہ امام الحق انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں کیونکہ ڈاکٹرز نے انہیں مزید ڈیڑھ ہفتہ آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ دورہ نیوزی لینڈ میں بری طرح ناکام ہونے والے اوپننگ بلے باز شان مسعود اور مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل کی جگہ بھی خطرے میں پڑ گئی ہے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے کامران غلام سلیکٹرز کے ریڈار میں ہیں جبکہ سینئر فاسٹ باﺅلر محمد عباس کو آرام دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ دورہ انگلینڈ کے بعد نیوزی لینڈ میں بھی کوئی انٹرنیشنل میچ نہ کھیل پانے والے سہیل خان کو بھی ڈراپ کیا جاسکتا ہے، انجری سے نجات پانے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں باﺅلنگ کیساتھ بیٹنگ میں بھی پرفارم کرنے والے حسن علی کی سکواڈ میں شمولیت کا قوی امکان ہے۔ سپنر نعمان علی اور ساجد خان کیساتھ زاہد محمود کا نام بھی زیر غور آیا ہے، امکان یہی ہے کہ یاسر شاہ کیساتھ ایک یا دو آف سپنرز کا انتخاب کیا جائے گا۔