دنیا کی سب سے ’خطرناک‘ ویب سائٹ چلانے والے آدمی کو گرفتار کرلیا گیا

برلن(مانیٹرنگ ڈیسک کوہ نور نیوز) جرمنی میں دنیا کی سب سے خطرناک ویب سائٹ چلانے والے آدمی کو گرفتار کر لیا گیا۔ میل آن لائن کے مطابق اس34سالہ جولیان نامی ملزم کا تعلق آسٹریلوی ریاست کوئنز لینڈ سے تھا ، جو ڈارک ویب (خفیہ انٹرنیٹ) پر ای کامرس ویب سائٹ ’ای بے‘ کی طرز کی ایک ویب سائٹ چلا رہا تھا جس پر ہر طرح کی منشیات اور جرائم پیشہ سرگرمیوں سے متعلق اشیاءفروخت ہوتی تھیں۔ اس ویب سائٹ کو ’مجرموں کو ای بے‘ کہا جاتاتھا۔ رپورٹ کے مطابق اس ویب سائٹ کا نام ’ڈارک مارکیٹ‘ تھا جس کا ٹرن اوور22کروڑ ڈالر (تقریباً 35ارب 29کروڑ روپے)تک پہنچ چکا تھا۔ جولیان کے خلاف آسٹریلوی فیڈرل پولیس، سکاٹ لینڈ یار، ایف بی آئی، یوروپول اور جرمن حکام مل کر تحقیقات کر رہے تھے اور اس کی گرفتاری بھی ان تمام ملکوں کی سکیورٹی فورسز کے مشترکہ تعاون سے ہوئی۔ اسے جرمنی کے بارڈر پر حراست میں لیا گیا۔ جولیان کی گرفتاری کے بعد ڈارک مارکیٹ بند کر دی گئی ہے اور ملزم سے جرمن پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔