سٹاک مارکیٹ: تیزی کا تسلسل جاری، اربوں کا فائدہ، 46 ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال

کراچی: (کوہ نور نیوز) تفصیلات کے مطابق تعمیراتی سرگرمیاں بڑھنے کے باعث سٹاک مارکیٹ میں سیمنٹ، سٹیل اور دیگرشعبوں کے حصص کی مالیت بڑھ رہی ہے۔ سرمایہ کار زبردست انداز میں ٹریڈنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔ آج ایک مرتبہ پھر کاروبار کا آغاز زبردست انداز میں ہوا، صبح دس بجے تک انڈیکس میں 332 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 46 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرنے کے بعد 46274.12 پوائنٹس کی سطح پر پہنچا۔ تیزی کے باعث ایک موقع پر انڈیکس 46314.15 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ تاہم یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔ کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 169.92 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 46091.96 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا اور پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.37 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 46 کروڑ 62 لاکھ 66 ہزار 688 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 25 ارب روپے کے قریب فائدہ ہوا۔