مساجد کو کسی صورت بند نہیں کرینگے: وزیراعظم عمران خان

لاہور: (کوہ نور نیوز) وزیراعظم عمران خان کاکہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران مساجد کو کسی صورت بند نہیں کیا جا سکتا لیکن ایس او پیز پر عملدرآمد ضروری ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے ملاقات کی جس میں وزیرِ اعظم نے وزارتِ مذہبی امور کو کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے علما اور این سی او سی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنےکی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے وزیرِ اعظم سے علماء و مشائخ کونسل کی تنظیمِ نو پر بھی مشاورت کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزارتِ مذہبی امور علما و مشائخ کو کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے اعداد و شمارکی فراہمی یقینی بنائے تاکہ دینی مواعظ اور خطبات میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید منبر کے ذریعے ممکن ہو۔ عمران خان نے مزید کہا کہ مساجد کو کسی صورت بند نہیں کیا جا سکتا تاہم کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید ضروری ہے۔