گاڑی کے مالک کی بدقسمتی، شو روم سے نکلتے چمچماتی گاڑی دیوار سے جا ٹکرائی

بھارت: (کوہ نور نیوز) نئی چمچماتی گاڑی خریدنے کی خوشی ہی الگ ہوتی ہے اور گاڑی خریدنے والے کا یہی دل کرتا ہے کہ وہ اسے شوروم سے نکلوانے کے فوراً بعد ہی اپنے عزیزواقارب یا قریبی دوستوں کو دکھائے۔ لیکن حال ہی میں شو روم سے نئی گاڑی نکلوانے والے شخص کی خوشی منٹوں میں ہی ایک ڈراؤنے خواب میں تبدیل ہوگئی۔ سوشل میڈیا پر ایک بھارتی شہری کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جو نئی گاڑی خریدنے کے لیے ایک شوروم گیا اور جب اسں نے اپنی نئی گاڑی پہلی مرتبہ چلا کر دیکھی تو بدقسمتی سے اسی وقت حادثہ پیش آگیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے بھارتی شہری نے ایک گاڑی پسند کی جس کے بعد شوروم میں موجود شخص انہیں گاڑی کے فنکشنز کے حوالے سے کچھ بتا رہے ہے۔بعدازاں گاڑی خریدنے والا شخص پہلی مرتبہ اپنی نئی چمچماتی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھتا ہے اور جیسے ہی وہ گاڑی اسٹارٹ کرتا ہے تو وہ سامنے موجود دیوار میں ٹکرا جاتی ہے۔ حادثے کے بعد شوروم اور آس پاس موجود افراد حیران ہو جاتے ہیں اور انہیں سمجھ نہیں آتا کہ اچانک یہ کیا ہو گیا۔ گاڑی کی دیوار میں زوردار ٹکر کے باعث گاڑی کے بونٹ کو خاصا نقصان پہنچتا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے حوالے سے صارفین کے ملے جلے انداز میں ردِعمل سامنے آرہے ہیں۔ متعدد صارفین نئی گاڑی خریدنے والے شخص کے لیے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں جب کہ کچھ صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ شاید گاڑی کی کمپنی گاڑی کا کوئی آزمائشی ٹیسٹ کر رہی ہو۔