حافظ آباد: مہندی کی تقریب کے دوران بھائی نے دلہن کو ہی قتل کر دیا

حافظ آباد: (کوہ نور نیوز) حافظ آباد کے علاقے وچھوکی میں مہندی کی تقریب میں بھائی نے دو بہنوں پر فائرنگ کر دی، فائرنگ سے دلہن جاں بحق جب کہ دوسری بہن شدید زخمی ہو گئی۔ حافظ آباد کے گاؤں وچھوکی میں شادی کے تنازع پر بھائی نے مہندی کی رسم کے دوران دو بہنوں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دلہن ساجدہ بی بی جاں بحق ہو گئی جب کہ دوسری بہن شریفاں بی بی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ ساجدہ بی بی کا آج اپنے کزن سے نکاح تھا۔ مقتولہ کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ ملزم محمد علی اپنی بہن کی شادی پر رضامند نہ تھا، ملزم اپنی بہنوں کی وراثتی جائیداد ہتھیانا چاہتا تھا اس لیے ان کی شادی نہیں کرنا چاہتا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی چار بہنیں تھیں اور چاروں کی ابھی شادیاں نہیں ہوئی تھیں۔ ملزم محمد علی واقعہ کے بعد فرار ہو گیا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔