لاہور: جائیداد کے تنازع پر دو افراد قتل، تیسرا شدید زخمی

لاہور: (کوہ نور نیوز) مغلپورہ بازار میں جائیداد کا تنازعہ دو افراد کی جان لے گیا جبکہ ایک کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے تمام تر شواہد اکھٹے کر لیے۔ تفصیلات کے مطابق مغل پورہ گنج بازار کے علاقے میں سرعام دو افراد کو قتل کیا گیا، پولیس کے مطابق چچا اور بھتیجے کے درمیان جائیداد کے لین دین کا تنازع چل رہا تھا۔ ملزم فیاض عرف باوا کی جانب سے پہلے تلح کلامی ہوئی بعدازاں اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے زخمی افراد کو سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ایس پی سول لائنز رضا صفدر کاظمی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا تمام تر شواہد اکٹھے کیے گئے، پولیس کی جانب سے فرانزک سائنس ایجنسی کو بھی طلب کیا اہلکاروں نے گولیوں کے خول اور دیگر شواہد اکٹھے کر لیے۔ فائرنگ کے واقعہ سے دوکاندار الیاس اور افتخار جاں بحق اور جاوید زخمی ہوئے۔ فائرنگ کرنے والے ملزم فیاض عرف باوا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر لیا جائے گا ورثاء کی طرف سے درخواست موصول ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مقتولین کے ورثا کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے دن دہاڑے فائرنگ کرکے فیاض نے قتل کیا اس تمام تر معاملہ میں پولیس کو اگاہ کیا گیا تھانہ درخواستیں دی گئی لیکن پولیس نے عملدرآمد نہیں کیا جسکی وجہ یہ واقعہ پیش آیا۔