ڈالر کی قدر میں کمی کے باوجود گاڑیاں 1 لاکھ روپے تک مہنگی

کراچی: (کوہ نور نیوز) مقامی کار اسمبلرز نے ڈالر کی قدر میں کمی کے باوجود ایک بار پھر گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ ملک میں روپے کی قدر میں اضافے اور ڈالر کی قدر میں کمی کے باوجود مقامی کار اسمبلرز کی من مانیاں جاری ہیں اور ایک بار پھر بلا جواز دو مقامی کمپنیوں نے یکم دسمبر سے گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک لاکھ روپے تک اضافہ کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مقامی کمپنیوں نے ڈالر کی قدر بڑھنے کو گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا جواز بنایا تھا جب کہ اب گزشتہ 6 ماہ کے دوران ڈالر کی قدر میں 9 روپے کی کمی کے بعد گاڑیوں کی قیمتوں میں زبردست کمی کی توقع کی جارہی تھی۔ صارفین نے ڈالر کی قدر میں کمی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے بعد قیمتوں میں اضافے کو بلا جواز قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ کورولا 1.6 پر 60 ہزار، 1.8 پر 80 ہزار جبکہ گرانڈی پر ایک لاکھ روپے تک اضافہ کیا گیا ہے جب کہ کلٹس وی ایکس ایل پر 70 ہزار، کلٹس اے جی ایس پر ایک لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔