فی تولہ سونے کی قیمت میں 350 روپے کا اضافہ

کراچی: (کوہ نور نیوز) تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 29 امریکی ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں نئی قیمت 1801 امریکی کرنسی ہو گئی ہے۔ عالمی مارکیٹوں میں قیمتیں بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت 350 روپے اضافے کے بعد 1 لاکھ 9 ہزار 200 روپے ہو گئی ہے۔ دوسری طرف دس گرام سونے کی قیمت میں 300 روپے کی بڑھوتری دیکھی گئی اور نئی قیمت 93 ہزار 621 روپے ہو گئی ہے۔ سونے کی طرح ملک بھر کی مقامی مارکیٹوں میں چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا فی تولہ چاندی اور دس گرام کی قیمتیں 20 روپے اور 17.15 روپے بڑھ گئی جس کے باعث دونوں کی قیمتیں بالترتیب 1200 روپے اور 1028.80 روپے ہو گئی ہے۔