سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، انڈیکس 596.45 پوائنٹس بڑھ گیا، اربوں روپے کا فائدہ

کراچی: (کوہ نور نیوز) تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ ایک مرتبہ پھر تیزی کے ٹریک پر آ گئی، رواں ہفتے کے دو کاروباری روز کے دوران زبردست تیزی نے سیاسی گہما گہمی کے اثرات کو پیچھے دھکیل دیا۔ دو روز کے دوران انڈیکس میں 878 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 261.73 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی اور انڈیکس 41068.82 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔ رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران بھی انڈیکس میں تیزی ریکارڈ کی گئی، کاروبار کا اختتام 596.45 پوائنٹس کی تیزی پر ہوا، تیزی کے باعث 6 حدیں بحال ہوئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 41100، 41200، 41300، 41400، 41500، 41600 کی حدیں شامل ہیں۔ جبکہ کاروبار کا اختتام 41665.27 پوائنٹس پر ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران تیزی کے باعث کاروبار میں 1.45 فیصد کی بہتری ریکارڈ کی گئی اور 29 کروڑ 98 لاکھ 37 ہزار 417 شیئرز کا لین دین ہوا، تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو 100 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔