دفاعی پیداوارمیں خود انحصاری میدان جنگ کے چیلنجزسےنمٹنے کیلیےاہم ہے، آرمی چیف

راولپنڈی: (کوہ نور نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا، پی او ایف پہنچنے پر چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ اس دوران پاک فوج کے سربراہ کو مختلف شعبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی اور مستقبل کے منصوبوں اورجدت لانے کے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، آرمی چیف کو مسلح افواج کی آپریشنل ضروریات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے نئے تیار کیے گئے دفاعی ساز وسامان کے ڈسپلے لاؤنج کا دورہ کیا جہاں انہیں برآمدات کے بین الاقوامی منصوبوں کیلئے پی او ایف کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں مسلح افواج کی آپریشنل ضروریات کے تناظر میں جدیدٹیکنالوجی کے حصول اور کم خرچ پائیدار پروڈکشن پرغورکیا گیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ نے پیداوار کو بڑھانے میں پی او ایف انتظامیہ وعملے کی لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دفاع پاکستان میں پی او ایف مسلح افواج کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پرخدمات انجام دے رہی ہے، دفاعی پیداوارمیں خود انحصاری میدان جنگ کے چیلنجزسے نمٹنے کیلئے اہم ہے۔