پہلا ٹی 20، نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

آکلینڈ: (کوہ نور نیوز،ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم ساﺅتھی نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے بارش کے باعث 16 اوورز تک محدود میچ میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ کیرون پولارڈ نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 8 چھکوں 4 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 75 رنز بنائے جبکہ اینڈرے فلیچر 34، فیبین ایلن 30 اور برینڈن کنگ نے 13 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 21 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ٹم ساﺅتھی نے 3 اوورز میں 22 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا اور اوپنرز جلد ہی پویلین لوٹ گئے مگر مڈل آرڈر بلے بازوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت اپنی ٹیم کی جھولی میں ڈال دی۔ کیویز کی جانب سے جیمی نیشام 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر نمایاں رہے جبکہ مچل سینٹنر نے بھی 31 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں مارٹن گپٹل 5، ٹم سیفرٹ 17، ڈیوون کونوے 41 اور گلین فلپس 22 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوشین تھامس سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 23 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شیلڈن کوٹریل اور کیرون پولارڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔