کٹھ پتلیاں جیالوں سے خوف زدہ، ملتان میں گرفتاریاں‌ مسلسل جاری ہیں: بلاول بھٹو

لاہور: (کوہ نور نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت ملتان میں کارکنوں کی گرفتاریاں کر رہی ہے، کٹھ پتلیاں جیالوں سے خوف زدہ ہیں۔ سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو کرنا ہے کر لیں، ہمیں پی ڈی ایم قائدین کے ہمراہ یوم تاسیس منانے سے کوئی نہیں روک سکتا، وفاقی حکومت نے ملتان میں کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے۔ دریں اثنا پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے بھی حکومت پرتنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے جلسے کے سلسلے میں کنٹینرز پہنچانے کا وعدہ پورا کر دیا جس کی وجہ سے جلسہ گاہ کی تما م شاہراہیں بند ہو چکی ہیں، حکمران کھانا پہنچانے کا بھی وعدہ پورا کریں تاکہ اپوزیشن کو آمریت کے دور کی یاد تازہ ہو سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر کارکنان کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بند کرے اور گرفتار کارکنان کو بھی فوری رہا کرے۔