’ہم قطر کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے طریقے ڈھونڈ رہے ہیں‘ سعودی وزیر خارجہ نے اعتراف کرلیا

ریاض (کوہ نور نیوز) سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ وہ قطر کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے طریقے ڈھونڈ رہے ہیں۔ الجزیرہ ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے قطر کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کا عندیہ تو دیا ہے لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ سلامتی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ جون 2017 میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، بحرین اور مصر نے دہشتگردی کی معاونت کا الزام لگا کر قطر کا بائیکاٹ کردیا تھا۔ ان ممالک نے قطر کے ساتھ سفارتی ، تجارتی اور سفری تعلقات منقطع کردیے تھے۔ جی 20 سمٹ کی سائڈ لائن پر اپنے ایک انٹرویو میں سعودی وزیر کارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کے ترکی کے ساتھ اچھے تعلقات رہے ہیں لیکن ان میں پچھلے کچھ عرصے کے دوران اتار چڑھاؤ آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں منتخب ہونے والے صدر جوبائیڈن سے امید ہے کہ وہ پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھیں گے اور مشرق وسطیٰ میں استحکام کیلئے کام کریں گے۔