چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ہفتہ کو ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں پارلیمانی امور کی انجام دہی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور احتیاطی تدابیر کے لئے کیے گئے اب تک کے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں اور قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں کے انعقاد کے حوالے سے پارلیمان میں موجود جماعتوں کے پارلیمانی رہنمائوں سے مشاورت سمیت دیگر امور پر فیصلہ کے لیے سوموار کو پھر ملاقات کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح دونوں ایوانوں کے مابین اس مشکل صورتحال کے دوران بھی مثالی تعاون موجود ہے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ بھی باہمی اتفاق اور مشاورت سے کیا جائے گا۔