آئی پی ایل میں فکسنگ کا کچا چٹھا کھل گیا

لاہور: (کوہ نور نیوز) بھارتی اداکار نے آئی پی ایل میں فکسنگ کا کچا چٹھا کھول دیا۔ بھارتی اداکار، پروڈیوسر اور رائٹر کمال راشد خان اپنے بے باک تبصروں کیلیے مشہور ہیں، اب انھوں نے آئی پی ایل میں فکسنگ کے بارے میں کھل کر گفتگو کی ہے۔ دبئی میں رہائش پذیر کمال راشد خان نے ہی گذشتہ دنوں لیگ سے قبل جواریوں کے یو اے ای آنے کا انکشاف کیا تھا، اب حال ہی میں جاری کی جانے والی ویڈیو میں انھوں نے کہا کہ ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ میں منتظمین نے ایکا حرف انٹرٹینمنٹ کیلیے شامل کیا ہے، وہ لوگ صاف کہتے ہیں کہ یہ تفریح کے لیے ہے اصلی نہیں،ان مقابلوں میں کرسیاں بھی چلتی ہیں،ریسلر شدید زخمی بھی نظر آتے ہیں،خون بھی نکلتا ہے،مگر کچھ بھی اصل نہیں ہوتا، پیش اس انداز میں کیا جاتا ہے کہ شائقین کو حقیقی لگتا ہے،اسی طرح آئی پی ایل میں بھی کھلاڑی کیچ ڈراپ، رن آؤٹ ہونے اور نوبال پر افسوس کے اظہار کی اداکاری کرتے ہیں اور ہمیں سب اصل لگتا ہے۔ گذشتہ دنوں کنگز الیون پنجاب اور ممبئی انڈینز کے میچ میں جواریوں کے کروڑوں روپے ڈوب گئے، آخری اوور میں کنگز کو 9 اور آخری گیند پر 2رنز بنانا تھے، کرس جورڈن نے ایک رن بنا بھی لیا دوسرا بن سکتا تھا، مگروہ غلط سمت میں دوڑ پڑے،دوسرے اینڈ پر موجود ساتھی نے بتا دیا ہوگا کہ بھائی آؤٹ ہونا ہے۔ سپر اوور میں کنگز نے صرف 5رنز بنائے، حیران کن طور پر ممبئی نے بھی اتنا ہی اسکور بنایا، دوسرے سپر اوور میں ممبئی نے 8 رنز بنائے تو کنگز کی فتح آسان نظر آرہی تھی مگر نتیجہ برعکس ہوا،یوں اوپر بیٹھے ’’بھائی‘‘ نے بھاؤ بڑھایا، لالچ میں آنے اور ہر بار گذشتہ ہاری رقم سمیت بڑا مال جیتنے کی کوشش میں جواری لٹ گئے۔ ’’بھائی‘‘ سب جانتا ہے کہ میچ میں کس وقت کیا ہوگا، وہی بھاؤ بڑھانے کے حربے آزماتا اور جواریوں کو منہ کے بل گراتا ہے۔ یاد رہے کہ آئی پی ایل میں ’’حیران کن‘‘ میچز کا سلسلہ متواتر جاری ہے، ہفتے کوکنگز الیون پنجاب کی ٹیم 7 وکٹ پر126رنز تک محدود رہی،سن رائزرز حیدرآباد نے ایک موقع پر 4وکٹ پر110رنز بنا لیے اور فتح یقینی نظر آرہی تھی،پھر اچانک4رنز کے دوران 6وکٹیں گر گئیں اور ٹیم114پر ڈھیر ہو کر12رنز کی شکست کا شکار ہوگئی۔