میکرون کا بیان: کئی ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم شروع

فرانسیسی صدر میکرون کے اسلام مخالف بیان اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے دفاع کے بعد کئی ممالک میں فرنچ مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم شروع ہوگئی۔ عرب میڈیا کے مطابق کئی عرب ممالک کی ٹریڈ ایسوسی ایشنز نے میکرون کے اسلام مخالف بیان کے بعد احتجاجاً فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی اس مہم میں عرب ممالک اور ترکی میں سپر مارکیٹس سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جارہا ہے جس میں BoycottFrenchProducts# کے ساتھ انگریزی میں مہم چلائی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ کویت، قطر، فلسطین، مصر، الجیریا، اردن، سعودی عرب اور دیگر ممالک میں عرب کے ہیش ٹیگ کے ساتھ بھی مہم چلائی جارہی ہے۔