فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے باتیں نہیں عملی اقدامات کرنا ہونگے: منشا پاشا

کراچی: (کوہ نور نیوز،ویب ڈیسک) اداکارہ منشا پاشا نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے صرف باتیں نہیں عملی اقدامات کرنا ہونگے، سنجیدہ لوگ متحد ہو جائیں تو انڈسٹری کو چند دنوں میں پاؤں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق منشا پاشا نے ایک انٹرویو میں کہا کہ فلم انڈسٹری کے بحران کی وجہ سے فنکاروں کا مستقبل تباہ ہو رہا ہے اور پاکستانی سینماؤں پر غیر ملکی فلموں کا غلبہ ہو رہا ہے، ہماری ثقافت بھی متاثر ہو رہی ہے ،فلمسازی کے شعبے کو تحفظ دینا وقت کا تقاضا ہے۔ اداکارہ منشا پاشا اداکارہ تو ہیں ہی تاہم اپنے ویژن سے بھرپور بیانات سے بھی مداحوں میں مقبول ہیں، انہوں نے فلم لال کبوتر میں شاندار اداکاری کا مظٓاہرہ کیا، ان کا کردار ایسی لڑکی کا تھا جو اپنے مقصد کی تکمیل کیلئے اپنی جان تک خطرے میں ڈٓال دیتی ہے اور بالآخر منزل حاصل کر لیتی ہے۔ منشا پاشا ٹی وی ڈراموں میں بھی جاندار اداکاری کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ انہوں نے فلم میں بہترین اداکارہ کیلئے نامزدگی پر سٹائل ایوارڈز کی جیوری سے اظہارتشکر بھی کیا۔