'پی ڈی ایم کی سیاسی لکی ایرانی سرکس کی ناکامی کی آج ہیٹ ٹرک ہونے جا رہی ہے'

لاہور: (کوہ نور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی سیاسی لکی ایرانی سرکس کی ناکامی کی آج ہیٹ ٹرک ہونے جا رہی ہے۔ غیر متحدہ اپوزیشن کی پی ڈی ایم "بھان متی کا کنبہ" کی عملی تصویر ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اختلاف کا عالم یہ ہے کہ بلاول زرداری نے جلسے سے زیادہ گلگت بلتستان الیکشن کو زیادہ اہمیت دی۔ بلاول زرداری اپنی سیاست کو بیگم صفدر اعوان اور نواز شریف سے دور رکھ کر عقلمندی کا ثبوت دے رہے ہیں۔ کراچی جلسے میں نواز شریف کی تقریر نشر نہ کرنا اور آج جلسے سے غیر حاضری بلاول زرداری کی سیاسی سمجھداری ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بیگم صفدراعوان کا "ووٹ کو عزت دو" کا نعرہ دراصل "مجھے لندن جانے دو" کی دہائی ہے۔ بیگم صفدر اعوان کی سیاسی جدوجہد کا مقصد صرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔ اپوزیشن چاہے کے ٹو پر چڑھے یا برج خلیفہ پر، این آر او اور کرپشن پر رعایت نہیں ملے گی۔