افغانستان: تعلیمی ادارے کے قریب دھماکا،18 افراد جاں بحق، پاکستان کی مذمت

کابل: (کوہ نور نیوز،ویب ڈیسک) کابل میں تعلیمی مرکز کے قریب خودکش دھماکے میں 18 افراد ہلاک اور 48 زخمی ہوگئے۔ افغان خبر رساں ادارے ’طلوع نیوز‘ کے مطابق کابل کے مغربی ضلع میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو تربیت دینے اور کورسز کرانے والے تعلیمی سینٹر کے قریب حملہ سہ پہر کے وقت ہوا۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرائین نے بیان میں کہا کہ خودکش بمبار تعلیمی سینٹر میں داخل ہونا چاہتا تھا۔ سینٹر کے گارڈز کی جانب سے شناخت کیے جانے کے بعد خودکش بمبار نے باہر ہی خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ طلوع نیوز کے مطابق اب تک حملے میں 18 افراد جاں بحق اور 48 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں کچھ نو عمر طلبہ بھی شامل ہیں، تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔ دوسری طرف پاکستان نے کابل میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے لکھا کہ پاکستان تمام طرز کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں اور افغانستان میں امن و استحکام کے لیے اپنی مدد جاری رکھیں گے۔