ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر پاکستان کو وسیع بین الاقوامی تعاون حاصل ہے، حماد اظہر

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) اس حوالے سے اپنے ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے ہمارے بلند سیاسی عزم اور غیر معمولی پیش رفت کا اعتراف کیا ہے۔ گزشتہ روز بغیر ووٹنگ کے پاکستان کے حق میں فیصلہ ہونا ہماری سفارتی کام یابی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایف اے ٹی ایف کا فیصلہ ووٹنگ کیٹیگری سے تعلق نہیں رکھتا تھا(یعنی اس کے لیے رائے شماری درکار ہی نہیں تھی) تاہم بدقسمتی سے بعض حلقے ووٹنگ میں عدم شرکت یا منفی رائے سے متعلق جعلی اور بے بنیاد معلومات پھیلا کر بعض ممالک کے خلاف پراپیگنڈا کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جعلی خبروں میں بعض ایسے ممالک کا نام بھی لیا جارہا ہے جو ایف اے ٹی ایف کے رکن ہی نہیں۔ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر وسیع تر بین الاقوامی حمایت رکھتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو اگلے سال 2021 تک گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور یوں بھارت کی پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی کوششیں ناکام ہوگئی تاہم سوشل میڈیا پر بعض ممالک کے حوالے سے ٰیہ اطلاعات گردش میں تھیں کہ انہوں ںے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کے فیصلے کی مخالفت یا بلیک لسٹ کرنے کی حمایت کی ہے اور اس کے لیے ووٹ دیا ہے۔ ان ممالک میں پاکستان کے بعض دوست ممالک کا نام بھی لیا جارہا تھا۔