سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف مواد، وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے نوٹس لے لیا

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز،ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا ہے کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت بھارتی لابی سوشل میڈیا کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان تمام سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستان آنے کی دعوت دے رہا، یہ پوسٹس رکاوٹ بن سکتی ہیں۔ ٹویٹر پر پاکستان کے خلاف بے بنیاد خبروں، پروپیگنڈے پر وفاقی وزیر آئی ٹی نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سوشل میڈیا کا پلیٹ فارم منفی اور بے بنیاد خبروں کیلئے استعمال نہ ہو سکے۔ امین الحق کا کہنا تھا کہ تمام سوشل میڈیا کمپنیاں، نفرت انگیز گفتگو اور منفی خبروں کی روک تھام کی ذمہ دار ہیں۔ ٹویٹر انتظامیہ اس طرح کے پروپیگنڈے اور غیر مصدقہ خبروں پر مبنی تمام پوسٹس فوری ہٹائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا بھارتی صارفین کو کچھ بھی غلط لکھنے اور نفرت پھیلانے کی آزادی دی گئی ہے؟ مقبوضہ کشمیر یا اسرائیل پر کوئی پاکستانی پوسٹ کرے تو بلاک کر دیا جاتا ہے۔ وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ کیا اس قسم کی پوسٹیں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں نہیں آتیں؟ سوشل میڈیا کمپنیوں کو مستقبل میں ایسے پروپیگنڈے کی روک تھام کیلئے سخت ایکشن لینا چاہیے۔