حکومت نے جو تاریخی مہنگائی کی اسے صرف پیپلز پارٹی سنبھال سکتی ہے، بلاول

اسکردو: (کوہ نور نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی تقدیر بدل کر رہیں گے، آئینی حقوق کا وعدہ پورا کرنے کے لیے عوام کی مدد چاہیے۔ اسکردو آمد پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ وہ اسکردو میں صرف انتخابی مہم کےلیے نہیں آئے بلکہ اپنا وعدہ پورا کرنے یہاں آئے ہیں۔ بلاول کاکہنا تھاکہ موجودہ حکومت نے تاریخی مہنگائی کی ہے اسے صرف پیپلز پارٹی ہی سنبھال سکتی ہے، میں پیپلز پارٹی کا منشور لے کر ہر کارکن کے پاس جاؤں گا اور گلگت بلتستان کے عوام کی تقدیر بدل کر رہوں گا۔ ان کا کہنا تھاکہ گلگت بلتستان کی عوام میری مدد کریں میں شہید محترمہ کے وعدے پورے کروں گا، آئینی حقوق کا وعدہ پورا کرنےکےلیے آپ کی مدد چاہیے، گلگت بلتستان کی عوام جس تاریخی معاشی بحران، بے روزگاری اور مہنگائی کا سامنا کررہی ہے، اس بحران سے پاکستان پیپلز پارٹی ہی نجات دلا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق اور عوامی مفادات کا تحفظ کروں گا اور ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی تکمیل کروں گا۔