انتخابی سروے میں جوبائیڈن آگے، مگر پھر بھی ڈیموکریٹس کو ہارنے کا خوف

واشنگٹن: (کوہ نور نیوز) مختلف انتخابی سروے میں امریکی صدارتی امیدوار جوبائیڈن کے لیے سب اچھا کا پیغام ہے، مگر پھر بھی ڈیموکریٹس کو ہارنے کا خوف لاحق ہے کیونکہ 2016ء میں بھی صورتحال کچھ ایسی ہی تھی یکن ٹرمپ نے کایا پلٹ دی۔ وائٹ ہاؤس کے اگلے مکین ٹرمپ ہونگے یا جوبائیڈن؟ یہ فیصلہ تو امریکی عوام تین نومبر کو کریں گے تاہم نیشنل پولز کی رپورٹوں میں جوبائیڈن کے لیے سب اچھا کا پیغام دیا جا رہا ہے۔ نیشنل سرویز کو مونیٹر کرنے والی فائیو تھرٹی ایٹ نامی ویب سائٹس میں جو بائیڈن کو صدر ٹرمپ پر ساڑھے دس پوائنٹ کی برتری حاصل ہے۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق جوبائیڈن 290 الیکٹورل ووٹ باآسانی حاصل کر سکتے ہیں لیکن ڈیموکریٹس کو اس کے باوجود ایک خوف لاحق ہے۔ ان کے خوف کی وجہ گزشتہ انتخابات کے نتائج ہیں۔ نیشنل پولز کے مطابق 2016ء میں بھی ہیلری کلنٹن کو ٹرمپ پر واضح برتری حاصل تھی۔ انتخابی پنڈت ٹرمپ کو صرف ایک سو اناسی الیکٹورل ووٹ کے حقدار ٹھہرا رہے تھے، پھر انتخابات کا دن آیا تو ٹرمپ نے 304 الیکٹورل ووٹ لے کر نقشہ ہی الٹ دیا۔