ملک کوعدم استحکام کا شکارکرنیکی کوششوں کا سختی سےجواب دیا جائیگا:آرمی چیف

راولپنڈی: (کوہ نور نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنیکی کوششوں کا سختی سے جواب دیا جائیگا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات اپنے زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں بلوچستان، قبائلی اضلاع اور ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر پر غور جبکہ قومی اور علاقائی سلامتی کے ساتھ ساتھ جیوسٹرٹیجک صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی غور کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے ملک میں امن واستحکام کے لیے بڑی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوششوں کا سختی سے جواب دیا جائے گا۔ اجلاس میں سول اور عسکری شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ ملک کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کا ہر حال میں دفاع کیا جائے گا۔