کیپٹن (ر)صفدر کا دماغ بچوں والا ہے:وفاقی وزیرفوادچودھری

وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچودھری نے کہا ہے کہ کیپٹن(ر) صفدر کا دماغ ویسے ہی چھوٹے بچوں کی طرح ہے ۔لیگی رہنماؤں کو مزار قائد پر کی گئی حرکت پر معافی مانگنی چاہیے۔ نجی چینل دنیا نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرفوادچودھری نے مزار قائد پر لیگی رہنماﺅں کے نعرے مارنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حرکت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ان لوگوں کو اپنے کیے پر معافی مانگنی چاہیے، کیپٹن صفدرکا دماغ ویسے بھی بچوں والا ہے۔ ان لوگوں نے احترام کے تقاضے پورے نہیںکیے، ان لوگوں کے خلا ف کیا ایکشن لینا چاہیے یہ تو بنیادی چیزیں ہیں، والدین کی تربیت ہوتی ہے ، اب ہم ان کو کیاتمیز سکھا سکتے ہیں۔ اب کم از کم ان کو اس حرکت پر معافی مانگنی چاہیے۔ خیال رہے کہ آج مریم نوازکے مزار قائد پر پہنچنے پر کیپٹن صفدراور دیگر لیگی رہنماؤں کی جانب سے ”ووٹ کو عزت دو“ کے نعرے لگائے گئے تھے۔