معروف بھارتی گلوکار کمارسانو بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے

ممبئی: (کوہ نور نیوز،ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا کے مطابق نوے کی دہائی میں شہرت کی بلندی کو چھونے والے پلے بیک سنگر کمارسانو میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے تاہم ان کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے اور ان میں کسی قسم کی علامت ظاہر نہیں ہوئی ہے۔ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گلوکار نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ 62 سالہ کمار سانو کو کورونا میں مبتلا کا پتہ اُس وقت چلا جب وہ اپنی سالگرہ منانے اہلیہ اور بیٹیوں کے پاس لاس اینجلس جانے کی تیاری کررہے تھے تاہم پرواز سے پہلے کورونا ٹیسٹ کی شرط کی وجہ سے علامتیں نہ ہونے کے باوجود ٹیسٹ کرایا جو حیران کن طور پر مثبت آگیا۔ کمار سانو کی اہلیہ سلونی نے بتایا کہ اگر وہ تب تک ٹھیک محسوس کرتے ہیں تو وہ 8 نومبر کو امریکہ آئیں گے اور اگر وہ نہ آسکے تو ہم سب ان کے ساتھ تہوار منانے ممبئی جائیں گے۔