کراچی میں پی ڈی ایم کاعظیم جلسہ حکمرانوں کی بچی کھچی ساکھ بھی ختم کر دے گا: قمر زمان کائرہ

لاہور: (کوہ نور نیوز) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ شاندار جلسہ عام کے انعقاد پر پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں مبارکباد کی مستحق ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے والہانہ استقبال پر پیپلزپارٹی کی تمام تنظیموں اور جیالوں کو مبارکبادپیش کرتا ہوں ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیروں،مشیروں کے بے تکے بیانات سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ جلسہ کس قدر کامیاب تھا۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ کے بارے میں میڈیا کے تبصرے اور تجزیے حکمرانوں کے موقف کی نفی ہے۔پیپلز پارٹی ہمیشہ سے اس امر پر یقین رکھتی ہے کہ بہترین منصف اس ملک کے عوام ہیں۔ عوام اس فاشسٹ حکومت کی تمام رکاوٹوں کو روند کر جس طرح جلسہ گاہ پہنچے جو انتہائی قابل تعریف ہے۔ انہوںنے کہا کہ کراچی میں پی ڈی ایم کا عظیم جلسہ حکمرانوں کی بچی کھچی ساکھ بھی ختم کر دے گا۔حکومت کیخلاف پی ڈی ایم کا کارواں چل پڑا ہے ،اب یہ جدوجہد اس حکومت کو ختم کر کے دم لے گی۔