سعودی عرب کا قطر سے تعلقات بحال کرنے کا عندیہ

کراچی: (کوہ نور نیوز،ویب ڈیسک) عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے واشنگٹن میں امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے قطری بھائیوں کے ساتھ تعلقات کے خواہش مند ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ بھی اسی طرح پُرعزم ہوں گے۔ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی ہر کاوش کا خیر مقدم کرتا ہے اور تنازعات کا حل چاہتا ہے تاہم اس کے لیے جائز سیکیورٹی خدشات کو دور کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ فیصل بن فرحان نے کہا کہ خدشات اور تحفظات کو ختم کرنا ایسا راستہ ہے جس سے خطے کے تمام ممالک کے درمیان دیرپا اور خوشگوار تعلقات قائم ہوسکتے ہیں اور میں ایسا مستقبل قریب میں ہوتا دیکھ رہا ہوں۔ واضح رہے کہ 5 جون 2017 کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر سمیت سات عرب ممالک نے دہشت گردی میں معاونت کا الزام لگا کر قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے جس کے جواب میں قطر نے ان ممالک کی اشیا پر پابندی عائد کردی تھی۔