بائیو سکیور ببل کی خلاف ورزی، بورڈ کی پلیئرز کو وارننگ

راولپنڈی: (کوہ نور نیوز،ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے باور کر دیا ہے کہ وہ کسی کھلاڑی اور میچ آفیشلز کو بائیو سکیور ببل میں موجود دیگر شرکا کی صحت کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے گا۔ آئندہ بائیو سکیور ببل کی خلاف ورزی کی صورت میں ٹورنامنٹ سے نکالنے کا انتباہ جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوران چند سینئر کھلاڑیوں اور آفیشلز کی جانب سے بائیو سکیور ببل کی خلاف ورزی کئے جانے پر پی سی بی کو مایوسی ہوئی ہے، ایسا کرنے سے انہوں نے ٹورنامنٹ کی ساکھ اور بائیو سکیور ببل میں موجود اپنے ساتھیوں کی صحت کو خطرے میں ڈالا جو قطعاَ قابل قبول نہیں، متعلقہ کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقاتوں کے بعد یہ باور کرا دیا گیا ہے کہ مستقبل میں خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر ایسا ہوا تواس فرد کو موجودہ اور آئندہ کھیلے جانے والے ٹورنامنٹس سے نکال دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ نو کھلاڑیوں اور تین آفیشلز نے ببل کی خلاف ورزی کی تھی، اطلاع موصول ہوتے ہی منتظمین نے ان کے کووڈ 19 ٹیسٹ کرائے جس کے نتائج منفی آئے ہیں۔